اسلام ٹائمز۔ پاکستان بھر کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ایام علی (ع) کی مناسبت سے مجالس اور عزاداری و شب بیداری کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہمیشہ کی طرح مختلف امام بارگاہوں اور مساجد میں ایام علی (ع) کی مناسبت سے مجالس عزا منعقد ہوئیں۔ جس میں مقررین و ذاکرین نے خانوادہ رسول (ص) کے مصائب بیان کئے اور حیات امام علی (ع) پہ روشنی ڈالی۔ مقررین نے شہادت امام علی (ع) اور خانہ خدا (مسجد) میں تاریخ اسلام کی پہلی دہشتگردی اور رہتی دنیا تک اس کے اثرات پہ گفتگو کی۔ امام بارگاہوں اور مساجد میں مجالس اور عزاداری کا اہتمام کیا گیا جبکہ سحر و افطار میں نیاز و لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ قبل ازیں اہل تشیع تنظیموں کے مقامی عہدیداران کے ساتھ انتظامیہ کی خصوصی میٹنگز ہوئیں، جس کے بعد بانی مجالس کی جانب سے عزاداری کے اجتماعات میں کورونا سے بچاؤ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔