0
Tuesday 25 Jun 2019 22:14

کشمیر میں اردو کا مستقبل روشن اور تابناک ہے، ڈاکٹر شیخ عقیل

کشمیر میں اردو کا مستقبل روشن اور تابناک ہے، ڈاکٹر شیخ عقیل
اسلام ٹائمز۔ کشمیر یونیورسٹی میں 9 روزہ کُل ہند اُردو کتاب میلہ اختتام پذیر ہوا۔ میلے میں  تقریباً 50 لاکھ روپئے کی کتابیں فروخت ہوئیں۔ 23ویں کُل ہند اردو کتاب میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ اردو کتاب میلے میں محبان اردو اور شائقین اردو کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کشمیر میں اردو کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میلے میں کشمیر کے بیشتر کالجوں اور اسکولوں کے طالب علموں اور ان کے اساتذہ کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اردو کے اساتذہ حضرات اور طالب علم اردو کی ترقی و ترویج کے تئیں بے حد سنجیدہ اور بیدار ہیں۔

ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے مزید کہا کہ کشمیر کے کل ہند اردو کتاب میلے میں اہل کشمیر نے جس قدر اچھا ریسپانس دیا ہے، ہم اس کے لئے آپ سب کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ہم جلد ہی کشمیر میں اردو صحافیوں کی تربیت سازی کے ورکشاپ کا بھی اہتمام کریں گے۔ صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کہا کہ کتاب میلہ فروغ اردو کی سمت میں ایک اچھا قدم ہے۔ کتاب میلے کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے قومی اردو کونسل کو کشمیر یونیورسٹی کے دوسرے کیمپس میں بھی اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کرنا چاہیئے تاکہ دور دراز کے اردو شائقین بھی اس سے مستفید ہوسکیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف دانشور اور ادیب پروفیسر زماں آزردہ نے کہا کہ قومی اردو کونسل نے میلے کے ذریعہ پورے کشمیر میں اردو کا ماحول بنادیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 801397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش