اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ فلسطین پر قابض غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر دفاع کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسرائیل کاٹز نے اسرائیلی فوج کو ایک منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے تحت غزہ کا کوئی بھی باشندہ کسی بھی ایسی جگہ ہجرت کر سکتا ہے جو اسے قبول کرنے پر رضامند ہو۔ کاٹز کے دفتر نے وزیر خارجہ کے حوالے سے کہا کہ وہ ٹرمپ کے جرات مندانہ منصوبے کی تعریف کر رہے ہیں، جس سے غزہ کی آبادی کا ایک بڑا حصہ دنیا بھر کے مختلف مقامات پر منتقل ہو سکتا ہے۔ کاٹز نے جن ممکنہ مقامات کا ذکر کیا، ان میں اسپین، آئرلینڈ اور ناروے شامل ہیں، جن پر انہوں نے غزہ پر جنگ کے حوالے سے اسرائیل کے خلاف الزامات عائد کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ فلسطینیوں کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں تو ان کی منافقت بے نقاب ہو جائے گی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکی اور صیہونی گٹھ جوڑ خطے کو مزید عدم استحکام کا شکار بنا دیگا۔