0
Sunday 2 Feb 2025 18:54
سعودی عرب سے بے گناہ افراد رہا

بیگ ٹیگ تبدیل کرکے دوسروں کو پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار

بیگ ٹیگ تبدیل کرکے دوسروں کو پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار
اسلام ٹائمز۔ لاہور ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایت پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ٹیم کی کاوشوں سے خاندان کے 5 افراد واپس وطن آگئے۔ محسن نقوی نے منشیات کیس سے رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائش گاہ پر خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں، بے گناہ خاندان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کرکے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا جب کہ سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اے این ایف کی ٹیم کو خصوصی ایوارڈز دیں گے، ٹیم نے انتہائی محنت سے کیس لڑا، اس طرح کوئی اپنا بھی کیس نہیں لڑتا، ملک میں منشیات خاتمہ کرنے کے لیے اے این ایف کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔ خیال رہے کہ لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم 4 فیملی ممبرز کے ساتھ 23 دسمبر میں سعودی عرب گئیں، ڈرگ مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔ بعد ازاں، فرحانہ اکرم اور ان کے فیملی ممبرز کو 30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لیا گیا، اے این ایف نے کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا۔ اے این ایف نے ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو پورا گینگ بے نقاب ہوا اور انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جب کہ اے این ایف نے تمام شواہد سعودی حکام کو دیے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 1188188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش