اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آسٹریا کی فیڈرل کونسل کی صدر مس اینڈریا ایڈر گٹشتلر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات کو مستحکم کرنے سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے عزم کو دہرایا گیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان آسٹریا کے تعلقات میں مستحکم پیشرفت کی تعریف کی اور پاکستان آسٹریا پارلیمانی دوستی گروپ کے ذریعہ بین الپارلیمانی تعاون کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے پارلیمانی بجٹ آفس کے قیام میں آسٹریا کی حمایت کو سراہا اور تکنیکی مدد اور علم کے تبادلے پر زور دیا۔ انہوں نے اعلی تعلیم میں آسٹریا کی شراکت پر بھی روشنی ڈالی، خاص طور پر ہری پور میں قائم پاکستان آسٹریا فاکھو چول انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹکنالوجی کے ذریعہ تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، ترقی اور پن بجلی کے منصوبوں پر بھی زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے پائیدار ترقی کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کے کردار کو بھی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے ایک کلیدی اقدام کے طور پر اجاگر کیا، پاکستان اور آسٹریا کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مزید رابطہ کاری پر زور دیا، چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی جامع علاقائی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں آسٹریا کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ ثقافتی سطح اور عوامی رابطوں کو دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے اہم پہلووں کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے سیاحت، ثقافتی سفارت کاری، اور تعلیمی شراکت داری کے امکانات پر زور دیا۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے اینڈریا ایڈر گٹشتلر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ پارلیمانی تعاون کو مزید بہتر بنائیں اور آسٹریا کے ساتھ مضبوط شراکت کو فروغ دیں۔