اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں دو قیادتیں چل رہی ہیں، ایک صرف باتیں اور پریس کانفرنس کرتی ہے اور دوسری ہماری قیادت ہے جو کام کرکے وعدوں کو وفا کرتی ہے، کراچی کی ترقی کا سفر بلاول بھٹو کے تیر کے نشان کے تحت شروع ہوا ہے، ہمارا وعدہ ہماری نیت، پیپلز پارٹی کی پوری قیادت عوام کے سامنے ہے، ہمارا منشور تھا عوام کی خدمت کریں گے، کراچی بشمول لیاری کے احساس محرومی کو جلد ختم کریں گے، کے ایم سی نے تمام اداروں کو روڈ کٹنگ کے حوالے سے خط لکھ دیا ہے تاکہ فنڈز کا صحیح استعمال یقینی بنایاجاسکے، بحریہ ٹاؤن کا سندھ حکومت کے ساتھ براہ راست کوئی تعلق نہیں، عدالت کے فیصلے کے تحت اس کی رقم سپریم کورٹ کو ادا کی جارہی ہے، غیر قانونی تعمیرات اور چائنا کٹنگ کی سرپرستی کبھی نہیں کریں گے، لیاری پیپلز پارٹی کی آن اور شان ہے۔ یہ بات انہوں نے لیاری کے علاقے سنگھولین میں بکرا پیڑی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن کاافتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عوام کا سیوریج کا دیرینہ مسئلہ پیپلز پارٹی نے حل کیا ہے، بکرا پیڑی کے پمپنگ اسٹیشن پر نئی مشینری لائے ہیں، لیاری کے عوام سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کے تھری کی لائن ڈالنے کا وعدہ کیا تھا، اب اس ایلیویٹڈ لائن کے انفراسٹرکچر کو ڈالنے کا کام شروع ہوچکا ہے، کے تھری کی لائن کے حوالے سے بلاول بھٹو نے جو وعدہ کیا تھا اس کو جلد مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ روڈکٹنگ کی مد میں لیاری ٹاؤن کے پاس سوا ارب آئے ہیں، اس فنڈ کو جلد یہاں پر سڑکوں کی تعمیر پر لگایا جائے گا، لیاری کے پانی کی چوری کو روکیں گے، کراچی میں اضافی پانی کی فراہمی کے لئے حب ڈیم سے نئی کنال ڈالنے کا کام بھی چل رہا ہے، اگست تک شہر میں مزید 40 ملین گیلن یومیہ پانی لایا جاسکے گا جس سے لیاری سمیت کراچی کے کئی اضلاع میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا۔