اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و وزیراعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن، انکوائریز اینڈ امپلیمینٹیشن ٹیم سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ کراچی کی تاجر برادری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمرکاب چلنے کو تیار ہے تو ڈاکر خالد مقبول صدیقی حواس باختہ ہوگئے ہیں۔ اپنے بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی جانتے ہیں کہ کراچی کے عوام کی حمایت کی ریت ایم کیو ایم کے ہاتھوں سے پھسل چکی ہے، خالد مقبول صدیقی کی بوکھلاہٹ کی وجہ یہ ہے کہ جن تاجروں سے ان کی جماعت بھتہ لیتی تھی، اب وہ رضاکارانہ طور پر بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ کراچی اب بدل چکا ہے اور شہر بند کرانے والی ایم کیو ایم شہر والوں کے لئے اجنبی ہوچکی ہے، کراچی میں اردو بولنے والے بزرگوں اور نسل کے لئے ایم کیو ایم ایک مافیا کا درجہ رکھتی ہے۔
انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ لیاری گینگ وار ختم کروانے والی پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی ایم کیو ایم کی دہشت گردی اور جبر کا خاتمہ کیا، جس کے نتیجے میں کراچی میں نیا سویرا نمودار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام بوری بند لاشیں دینے والوں اور بھتہ خوری کرنے والوں کو اچھی طرح سے پہچان گئے ہیں۔ وقار مہدی نے کہا کہ کراچی کے تاجروں نے بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیت اور ویژن کی تعریف کی، بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اربوں روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں نے ایم کیو ایم کے اوسان خطہ ہوگئے ہیں، ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کی حقیقت سے کراچی کے عوام واقف ہیں۔