0
Thursday 30 Jan 2025 21:16

اگر کوئی مسلم لڑکی برقعہ پہن کر اسکول جانا چاہتی ہے تو اس میں کیا اعتراض ہے، محمد سعید نوری

اگر کوئی مسلم لڑکی برقعہ پہن کر اسکول جانا چاہتی ہے تو اس میں کیا اعتراض ہے، محمد سعید نوری
اسلام ٹائمز۔ رضا اکیڈمی کے سکریٹری محمد سعید نوری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کئی اہم مسائل پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے برقعہ تنازعہ پر وزیر نتیش رانے کے بیان پر تبصرہ کیا۔ اس کے علاوہ محمد سعید نوری نے دیگر فرقہ وارانہ اور سماجی مسائل پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نتیش رانے کا بیان کہ اگر خواتین برقعہ پہننا چاہتی ہیں تو انہیں گھر تک ہی محدود رہنا چاہیئے۔ محمد سعید نوری نے کہا کہ نتیش رانے کو ایسے بیانات دینے سے بچنا چاہیئے، جو صرف عوام کو تقسیم کرتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات صرف سرخیوں میں رہنے کے لئے دئیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی لڑکی برقعہ پہن کر اسکول جاتی ہے تو اس میں کیا اعتراض ہے، ایسے بیانات صرف لوگوں کو الجھانے اور توجہ مبذول کرنے  کے لئے ہوتے ہیں۔ اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے نفاذ کے سوال پر محمد سعید نوری نے کہا کہ اس قانون کا بنیادی مقصد صرف مسلمانوں کو تکلیف دینا ہے، ہم اس کی مخالفت کریں گے اور اس میں شامل کسی بھی کوشش کی مخالفت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں بھی اگر یو سی سی لاگو کیا گیا تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔

وقف بل ترمیمی بل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہمیشہ اس طرح کے اقدامات سے تکلیف دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف اراضی مسلمانوں کی ملکیت ہے اور حکومت کو اس میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے، یہ زمین اچھے کاموں کے لئے دی جاتی ہے، اس میں حکومت کی مداخلت سمجھ سے باہر ہے۔ مہا کمبھ اور وقف اراضی کے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب جھوٹا پروپیگنڈہ ہے، کوئی بھی شخص غیر قانونی طور پر زمین نہیں لے سکتا، یہ سب بے بنیاد باتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ مہا کمبھ میں بھگدڑ کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو ایسے حادثات سے بچنے کے لئے سخت اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات نہ ہوں۔
خبر کا کوڈ : 1187639
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش