0
Thursday 30 Jan 2025 15:23

ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرنے پر نون لیگ گانچھے کے صدر اور جنرل سیکرٹری مستعفی

ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرنے پر نون لیگ گانچھے کے صدر اور جنرل سیکرٹری مستعفی
اسلام ٹائمز۔ ترقیاتی منصوبوں میں گانچھے کو نظر انداز کرنے پر نون لیگ گانچھے کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔ مسلم لیگ (ن) گانچھے کے صدر سلطان علی خان اور جنرل سیکرٹری رضا الحق مدنی نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ دونوں رہنماں نے اپنا تحریری استعفیٰ صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمن کو ارسال کر دیا، جس میں پارٹی قیادت پر مسلسل نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ استعفیٰ میں سلطان علی خان اور رضا الحق مدنی نے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ضلع گانچھے کے ساتھ مسلسل امتیازی سلوک برتا اور ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کیا، جس کے باعث وہ مزید عہدوں پر کام جاری نہیں رکھ سکتے۔
 
 انہوں نے کہا کہ گانچھے کے کارکنان نے پارٹی کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، مگر اس کے باوجود علاقے کو بنیادی سہولیات اور بڑے ترقیاتی منصوبوں سے محروم رکھا گیا۔ ان کے مطابق، دیگر اضلاع میں بڑے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ گانچھے کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، استعفے میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی قیادت نے گلگت بلتستان میں نئے اضلاع کے قیام اور جگوٹ سکردو روڈ کی توسیع جیسے اہم منصوبوں میں گانچھے کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔ اسی طرح، وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے دانش اسکولوں کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن اس منصوبے میں بھی گانچھے کو محروم کر دیا گیا جو یہاں کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 1187592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش