اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم نے بالآخر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں غیرقانونی و سفاک صیہونی فوج کے خلاف استشہادی مزاحمتی آپریشن "الکرامہ" انجام دینے والے شہید ماہر الجازی کا جنازہ اردن کے حوالے کر دیا ہے۔
اس حوالے سے اردنی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ شہید ماہر الجازی کا جسد خاکی حوالے کر دیا گیا ہے جسے شہید کے اہلخانہ کے سپرد کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ریٹائرڈ اردنی فوجی ماہر الجازی نے 8 ستمبر کے روز اردن و مقبوضہ فلسطین کی مشترکہ سرحدی کراسنگ پر ایک ٹرک ڈرائیور کے حلیئے میں کنگ حسین پل (الکرامہ) کو عبور کیا اور فلسطین پر قابض صیہونی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے سے قبل 3 غاصب صیہونی فوجیوں کو گولی مار کر ہلاک کر ڈالا جس کے بعد غاصب صیہونی رژیم نے طوفان الاقصی آپریشن کے اس پہلے اردنی شہید کا جنازہ حوالے کرنے سے انکار کر دیا اور بعض ذرائع کے مطابق غیرقانونی اسرائیلی رژیم نے ان کی میت کو حوالہ کرنے کے لئے شرائط بھی رکھی تھیں جن میں امان کی جانب سے معافی مانگے جانے، شہید کے تشیع جنازے میں شرکاء کی تعداد کو انتہائی محدود کئے جانے اور ان کے جنازے کی تقریب میں "اسرائیل مخالف مظاہروں" کی ممانعت پر مبنی شرائط سرفہرست ہیں۔
یاد رہے کہ اردن کے لاکھوں شہریوں نے اس آپریشن کی حمایت میں چند روز قبل ہی بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے منعقد کئے تھے جن میں اردنی قوم کے فلسطینی مزاحمت کے آ ساتھ کھڑے ہونے پر زور دیتے ہوئے "وادی عرب" (دوطرفہ امن معاہدہ) اور تیل و گیس اور باہمی تعلقات و سکیورٹی کے معاہدوں سمیت عمان و تل ابیب کے درمیان طے پانے والے تمام معاہدوں کو یکسر منسوخ کر دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔