اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر اور ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینیئر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 12 ربیع الاول عید میلاد النبی کے موقع پر عاشقان رسول کے استقبال میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے لیے استقبالیہ کیمپ اور ان کے لیے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انجینیئر سخاوت علی سیال نے کہا کہ عید میلاد النبی ہفتہ وحدت کے طور پر منا کر دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے عاشق اور غلام ہیں، 12 ربیع الاول ہمیں اتحاد و وحدت اور یگانگت کا پیغام دیتا ہے۔ سرور دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی محبت اور ان کی آل پاک سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔