0
Sunday 15 Sep 2024 22:21

ربیع الاول میں ٹی ٹونٹی وومن کرکٹ میچز کا ملتان میں ہونا تشویش کا باعث ہے، علامہ فاروق خان سعیدی

ربیع الاول میں ٹی ٹونٹی وومن کرکٹ میچز کا ملتان میں ہونا تشویش کا باعث ہے، علامہ فاروق خان سعیدی
اسلام ٹائمز۔ تنظیماتِ اہل سنت کے قائدین نے مشترکہ پریس ریلیز جاری کی، جس میں علامہ فاروق خان سعیدی صوبائی ناظمِ اعلی جماعت اہلِ سنت نے کہا کہ ربیع الاول شریف کے مقدس ایام جن میں روزانہ مختلف علاقوں میں میلادِ مصطفے(ص)کے جلوس، ریلیاں مسلمانوں کا وطیرہ وطریقہ ہے، ٹی ٹونٹی وومنز کرکٹ میچز کا ملتان میں ہونا تشویشناک ہے۔ محمد ایوب مغل صوبائی صدر جمعیت علمائے پاکستان نے کہا کہ کرکٹ میچز کی وجہ سے  14تا20 ستمبر ملتان شہر کے راستے بند کرکے عوام کو جبری تکلیف میں مبتلا کیا جا رہا ہے جبکہ پہلے بھی میچز کے حوالے سے ہم نے کہنا تھا کہ پورے شہر کو اس اذیت سے گزارنے کے بجائے ٹیموں کی موومنٹ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جائے اور اس کامستقل حل سٹیڈیم کے قریب ریسٹ ہاوس یا ہوٹل کی تعمیر ہے۔

 پاکستان سنی تحریک کے صوبائی ناظم اعلی مرزا محمد ارشدالقادری نے کہا کہ 17ستمبر کو12 ربیع الاول ہے ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں وومنز کرکٹ ٹیموں کی ہرطرح کی موومنٹ کو اس مقدس دن معطل کیا جائے، عیدمیلادالنبی(ص)منانے والے 12 ربیع الاول کو راستوں کی کسی قسم کی بندش کو قبول نہیں کرینگے، اس وقت بھی ملتان کی صورتحال یہ ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور اداروں کی ساری نفری کرکٹ ٹیم کو سیکیور کر رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے جلوس اور ریلیوں کے لئے کوئی سیکیورٹی نہیں ہے۔

 گزشتہ سال مستونگ بلوچستان میں 120 میلادی ایک ہی جلوس میں دہشت گردی کا نشانہ بنے، اس کے باوجود یہ میلاد منانے والوں کی جلوس، ریلیوں میں کوئی سیکورٹی ہے نا سہولیات، اگر خدا نہ کرے کوئی ملک دشمن دہشت گردی کے لئے آئے تو کون اس کا راستہ روکے گا۔  معروف میلادی رکن الدین حامدی، مفتی عثمان پسروری، راو محمدعارف رضوی، شفیق اللہ بدری نے کہا کہ حکومت کرکٹ ٹیم کی موومنٹ کو کم ازکم 12 ربیع الاول کے دن معطل کرنے کے فوری احکامات جاری کرے۔
خبر کا کوڈ : 1160193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش