اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ اور رہنماﺅں زاہد صفی اور زاہد اشرف نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہمیں جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے ہر وقت مستعدد اور متحرک رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکوم قوموں کو آزادی کی تحریکوں میں مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وہ عزم و ہمت کے ساتھ منزل کی طرف اپنا سفر جاری رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی بھارتی قبضے کی وجہ سے شدید مشکلات و مصائب کا سامنا ہے لیکن انہیں ہر صورت اپنے عظیم مشن کو آگے بڑھانا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماﺅں نے کہا کہ ہمیں تحریک آزادی کیخلاف بھارتی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں، جس کی ہمیں ہر قیمت پر حفاظت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بیش بہا قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔