اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنہوں نے مجھ پر کیس بنایا آج ہم انہیں ہی ووٹ دے رہے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نمبر پورے ہوں گے تو بل پاس کریں گے، بل میں اصلاحات کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو بل پاس ہو رہا ہے وہ مخصوص بل نہیں ہے، اداروں کے سربراہوں کی مدتِ ملازمت سے متعلق بل پر نمبر پورے ہوئے تو بل منظور ہو جائے گا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارے نمبرز سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، مل کر کام کرنا ضروری ہے، ہم نے ملک کا سوچنا ہے، ذاتی مفاد کا نہیں، خارجہ امور کے معاملات وفاقی حکومت کا سبجیکٹ ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ سے ارکان کی گرفتاری پر سینیٹ نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی اور ہم نے اس کی مذمت بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا بہت احترام کرتا ہوں، ان سے بہت اچھے تعلقات ہیں، انہوں نے ہمارے ساتھ بہت کام کیا ہے، مولانا کے بارے میں کوئی کمنٹ نہیں کروں گا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے اعلی عدلیہ کے ججز کو نظر بندی سے نکالا، ہم نے طے کیا کہ ملک کو ایک سیاسی جماعت نہیں چلا سکتی تھی، میں پاکستان کی تاریخ میں واحد متفقہ طور پر وزیرِ اعظم بنا تھا۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسائل کا حل وقت سے پہلے انتخابات نہیں، اس سے صورتِ حال مزید پیچیدہ ہو گی، تمام سیاسی قوتوں کو مل کر ملک کے لیے سوچنا چاہیئے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے کو کوئی سنجیدہ نہیں لے گا، ہم گورنر راج کے حق میں نہیں ہیں۔