0
Sunday 8 Sep 2024 09:52

حریت کانفرنس کے رہنماوں کا کشمیر کے بارے میں جنرل عاصم منیر کے بیان کا خیر مقدم

حریت کانفرنس کے رہنماوں کا کشمیر کے بارے میں جنرل عاصم منیر کے بیان کا خیر مقدم
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے کشمیر کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنرل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب میں جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر عالمی سطح کا مسئلہ ہے، کشمیری عوام بدترین بھارتی جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کے ذریعے علاقے میں معاشرتی تبدیلیاں کر رہا ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کو یہ یقین دہانی کراتا ہے کہ حق خودارادیت ملنے تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز شاہ، سینئر رہنمائوں محمود احمد ساغر اور سید فیض نقشبندی نے اپنے بیانات میں کشمیر پر جنرل عاصم منیر کے پختہ موقف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے محکوم لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے بل پر جموں کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے، جبکہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ایک بڑا حامی اور وکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے برحق کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ غیر حقیقت پسندانہ بھارتی طرز عمل اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطے کا امن داﺅ پر لگا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1158708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش