متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی
دس محرم الحرام کو سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کی شہادت اور شہدائے کربلاء کی یاد میں دنیا بھر کی طرح بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی یوم عاشور کا جلوس برآمد ہوا۔ مرکزی جلوس کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ میں واقع امامبارگاہ حسینی ہزارہ نچاری سے صبح آٹھ بجے برآمد ہوا۔ جس میں ہزارہ ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں کے ماتمی دستوں نے بھی شرکت کی۔ جلوس عزاء علمدار روڈ سے طوغی روڈ، میزان چوک، لیاقت بازار، پرنس روڈ اور میکانگی روڈ سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ میں داخل ہوا۔ اس موقع پر 38 ماتمی دستوں کی صورت میں عزاروں نے نوحہ خوانی اور ماتمداری کرتے ہوئے کربلاء میں شہادت پانے والے سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام، انکے ساتھیوں اور اسیران کربلاء کے مصائب کا تذکرہ کیا۔ مختلف اقوام پر مشتمل شہر کوئٹہ کے عزاداروں نے اس موقع پر بھرپور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اردو زبان کے ساتھ ساتھ مقامی زبانوں ہزارگی، پشتو اور پنجابی میں بھی نوحہ خوانی اور عزاداری کی۔
یوم عاشورہ کے مرکزی اسٹیج کا انتظام میزان چوک پر کیا گیا۔ جہاں سے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی محمد جواد رفیعی، کوئٹہ کے جید عالم دین علامہ محمد کاظم بہجتی سمیت اہل سنت سے تعلق رکھنے والے عالم دین ڈاکٹر عطاء الرحمان نے عزاداروں سے خطاب کیا۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی محمد جواد رفیعی نے عزاداروں سے مقامی زبان میں خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر عزاداری کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں عزاداری میں خرافات شامل کرنے کے درپے ہیں۔ جنہیں ناکام بنانا تمام عزاداروں کی مشرکہ ذمہ داری ہے۔ مرکزی اسٹیج سے علامہ محمد کاظم بہجتی نے خطاب کرتے ہوئے عزاداروں کو عزاداری کے اصل مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کا سید الشہٰدا امام حسین علیہ السلام سے عقیدیت و احترام کے واقعات بیان کئے اور عزاداروں کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو عملی طور پر دوسری سے آگے ہونا چاہئے۔
ڈاکٹر عطاء الرحمان نے اپنی تقریر میں آیت مباہلہ اور امام حسین علیہ السلام کی عظمت بیان کی۔ یوم عاشورہ کے دوران نماز ظہرین کا انعقاد میزان چوک پر کیا گیا۔ جس میں عزاداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ظہر اور عصر کی باجماعت نمازوں کی امامت امام جمعہ کوئٹہ علامہ غلام حسنین وجدانی نے کی۔ نماز کے بعد یورپی ممالک میں ہونے والی توہین قرآن پاک کے خلاف بھی احتجاج کیا گیا۔ کوئٹہ کے مختلف اداروں کے رضاکاروں نے اس موقع پر میڈیکل کیمپس، بلڈ کیمپس، سبیلیں اور نذر و نیاز کا اہتمام کیا۔ عزاداروں کا پہلا دستہ شام چھ بجے واپس علمدار روڈ میں داخل ہوا، جبکہ ماتمی دستوں کی بڑی تعداد کے باعث آخری ماتمی دستہ مغرب کے بعد میزان چوک پر پہنچا۔ جہاں عزادار ماتمداری اور عزاداری کرتے ہوئے جلوس کے مقررہ راستوں سے گزرے۔
قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial