امت شاہ کا کشمیر دورہ، جھیل ڈل اور ملحقہ علاقے سیل
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں سکیورٹی صورتحال اور امرناتھ یاترا کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے بھارتی وزیرداخلہ امت شاہ بدھ کو 2 روزہ دورے پر کشمیر وارد ہوئے ہیں۔ انہوں نے سرینگر میں فوج کے اعلٰی حکام سے ملاقات کی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کے دورے کے پیش نظر جھیل ڈل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر کے اردگرد کثیر دائروں والی سکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے اور بیلورڈ کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا اور ایس کے آئی سی سی کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
اس صورتحال کی وجہ سے جہاں مقامی آبادی نے اپنی سرگرمیاں پورے دن محدود کردیں، وہیں بیرون ریاستوں اور ممالک سے سیر و تفریح کیلئے آئے سیاحوں اور سیلانیوں نے بھی اپنا زیادہ تر وقت ہوٹلوں میں ہی گزارا۔ علاقہ میں قابض فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں، پلوں اور چوراہوں کو سیل کیا گیا جبکہ شہر میں اہم سڑکوں، بازاروں اور حساس مقامات کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات پر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔