0
Friday 19 Apr 2019 19:38

اسلام مخالف طاقتیں وحدت اسلامی کو بُری طرح پارہ پارہ کرنیکے درپے ہیں، غلام رسول حامی

اسلام مخالف طاقتیں وحدت اسلامی کو بُری طرح پارہ پارہ کرنیکے درپے ہیں، غلام رسول حامی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کاروان اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے کہا کہ شراب اور منشیات کے اثرات اب شہروں اور قصبہ جاتوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے دور دراز علاقوں تک عیاں نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں گھرانوں کے چشم و چراغ اپنی زندگی کو گنوا کر اپنے والدین اور اقرباء کو بھی بربادی کی تاریکی میں غرق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شراب اور منشیات جس طرح سے اب بڑے بڑے کالیجز اور اسکولوں کے اندر ایک معمول بن چکا ہے، وہیں یہ بات ہمارے پورے معاشرے کے لئے انتہائی تشویشناک ہے کہ اب منشیات اور شراب دیہاتوں اور سرحدی خطوں میں بھی ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پروان چڑھائی جارہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار غلام رسول حامی نے ماگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو جہاں پہلے ہی ہزاروں تکالیف اور پریشانیوں سے گزرنا پڑ رہا ہے وہیں پہ نشے کو جس طریقے سے نوجوان نسل تک ایک منظم پروگرام کے ذریعے پہنچایا جارہا ہے، اس سے ہمارا معاشرہ بدستور دلدل کی شکل اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ کشمیری قوم کو ایک جارحیت سے ہی نہیں لڑنا پڑتا ہے بلکہ اقتصادی، معاشی، علمی اور ثقافتی محاذ پر بھی ہمیں جارحیت کا شکار بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے لئے المیہ ہے جو شراب اور منشیات کو پروان چڑھانے والوں کے حق میں ووٹ یا دیگر ذرائع سے غیر انسانی طاقتوں کو مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پندرہویں شعبان المعظم کی رات ایک عظیم رات ہے، جس سے سرکار دو عالم (ص) نے قدر اور فضل کی رات قرار دیا ہے لہٰذا تمام امت مسلمہ یکسوئی کے ساتھ زندگی کے تمام اختلافات بھلا کر امت مسلمہ کی بدحالی کو مدِنظر رکھ کر کشمیر، فلسطین، شام اور پوری انسانیت کی فلاح اور کامیابی کے لئے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ اس وقت صیہونی اور اسلام مخالف طاقتوں اور منصوبہ بند ظالمانہ اقدامات کے نذر ہو رہی ہے اور اتحادِ اسلامی کو بُری طرح پار پار کر کے مسلمانانِ عالم کو شد و مد کے ساتھ مٹانے کے درپے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 789507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش