0
Tuesday 17 Sep 2024 21:06

شیعہ سنی میلاد میں اتحاد اور وحدت کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ سنی میلاد میں  اتحاد اور وحدت کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے اے ڈی سی کالونی جیکب آباد سے عاشقان رسول (ص) کی جانب سے جشن میلاد ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اے ڈی سی کالونی کے سیاسی اور سماجی رہنماء سید غلام شبیر نقوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی اور ضلعی صدر نذیر حسین جعفری نے کی۔ ریلی میں شیعہ سنی تمام مکاتب فکر کے مسلمان شریک ہوئے۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جس دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی قوم کے لئے آسمان سے طعام نازل ہوا، وہ دن ان کے لئے عید کہلایا۔ کیونکہ آسمان سے نعمت کا نزول آیت خداوندی ہے اور جس دن اللہ تبارک و تعالی نے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت میں نعمت عظمی عطا فرمائی وہ دن عالم انسانیت کے لئے عید میلاد النبی ﷺ کہلایا۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سبھی خوش ہیں اور آج زمین اور آسمان والے جشن منا رہے ہیں کہ سید کونین کی آمد ہے۔ آج شیعہ سنی مسلمان مل کر آقا کا میلاد منا رہے ہیں اور آپس میں اتحاد اور وحدت کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں کہ جو خدا کے دین کی راہ میں مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ دشمن امریکہ اور اسرائیل بے گناہ مسلمانوں کا خون بہا رہا ہے۔ یمن کے بہادروں نے اسرائیل پر حملہ کر کے بے مثال غیرت ایمانی کا مظاہرہ کیا ہے، جو کام 56 اسلامی ممالک اور ان کی 70 لاکھ فوج نہ کر سکی وہ فلسطین لبنان اور یمن کے مجاہد کر رہے ہیں۔ جشن میلاد النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ ہم شیعہ سنی مسلمان مل کر جشن عید میلاد النبی ﷺ منا رہے ہیں اور اتحاد وحدت اور عشق رسول کا پیغام عام کر رہے ہیں عشق رسولِ پاک کی یہ ریلی سید حاجن شاہ نقوی کی یادگار ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سید غلام شبیر نقوی کوکربلا معلیٰ سے لایا گیا فلسطین کا مفلر پہنایا۔
خبر کا کوڈ : 1160619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش