اسلام ٹائمز۔ "میں جلد ہی اہم سیاسی و تکنیکی ملاقاتوں کے لئے ایران کا دورہ کروں گا"، یہ الفاظ ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی کے بیان کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے سربراہ محمد اسلامی نے گذشتہ روز ویانا میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے 68ویں سالانہ جنرل اجلاس کے پہلے روز ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی تھی۔
اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں رافائل گروسی کا لکھنا تھا کہ ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی کے ساتھ؛ باہمی تعامل کو برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
گذشتہ روز ویانا میں اپنی گفتگو کے دوران رافائل گروسی نے نومنتخب ایرانی صدر مسعود پژشکیان کے ساتھ اپنی ملاقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ایرانی جوہری پروگرام کے پرامن ہونے سے متعلق عالمی برادری کو ایک قابل اعتماد ضمانت فراہم کرنے پر بھی زور دیا تھا!