0
Tuesday 17 Sep 2024 16:10

غزہ کے مسئلے میں ہماری انسانیت خطرے میں ہے، اقوام متحدہ

غزہ کے مسئلے میں ہماری انسانیت خطرے میں ہے، اقوام متحدہ
اسلام ٹائمز۔ غزہ میں انسانی ہمدردی کے امور و تعمیر نو کیلئے اقوام متحدہ کی سینیئر کوآرڈینیٹر سگرڈ کاگ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری انسانی بحران ایک گہرے المیے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سگرڈ کاگ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں ممکنہ مزید گہرے المیے کو روکنے کے لئے تیزی کے ساتھ کام کرے اور زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ہماری مشترکہ انسانیت کا جوہر شدید خطرے میں ہے!

ترک خبررساں ایجنسی اناطولیہ کے مطابق غزہ میں انسانی ہمدردی کے امور و تعمیر نو کیلئے اقوام متحدہ کی سینیئر کوآرڈینیٹر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ میدان جنگ کی صورتحال کا ایک محتاط و افسوسناک اندازہ ہے اور میں اس جنگ کے سانحے سے نمٹنے میں بین الاقوامی برادری کی عظیم ذمہ داری پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہوں!

اقوام متحدہ کی سینیئر اہلکار نے غزہ کے بنیادی ڈھانچے کی وسیع تباہی اور عام شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں و توڑ پھوڑ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صحت کا اکثر بنیادی ڈھانچہ کہ جو قبل ازیں مفلوج ہو کر رہ گیا تھا، اب سرے سے ختم ہو چکا ہے!

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غزہ میں 6 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں، سگرڈ کاگ نے ایک بار پھر مکمل جنگبندی، قیدیوں کی غیر مشروط رہائی اور انسانی امداد تک بلا روک ٹوک رسائی کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ کی سینیئر اہلکار نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی انرو (UNRWA) کے اہم کردار کی جانب بھی اشارہ کیا اور اسے غزہ کے سماجی تانے بانے میں ایک اہم و قابل اعتماد شراکتدار اور انسانی ہمدردی کی کارروائیوں میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 1160575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش