اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کی کمیٹی برائے یکجہتی غزہ و فلسطین کانفرنس کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی دفتر الفلاح ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی صدر ملی یکجہتی کونسل بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا سہیل اکبر شیرازی، جماعت اسلامی بلوچستان کے رہنماء سید نورالحق ایڈوکیٹ، شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی نائب صدر مولانا سید محمد رضا اخلاقی، ملی مسلم لیگ بلوچستان کے رہنماء محمد ادریس مغل اور جماعت اہل حدیث بلوچستان کے صوبائی رہنماء سید عتیق الرحمن نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار چھ اکتوبر کو کوئٹہ میں "یکجہتی غزہ و فلسطین کانفرنس" منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل کی رکن جماعتوں کے مرکزی قائدین اور بلوچستان کے سیاسی مذہبی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا۔ کانفرنس کی میزبانی ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کی تمام رکن جماعتیں مشترکہ طور پر کریں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ اقبال نے دوٹوک الفاظ میں مظلوم فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل کو ایک غاصب اور جعلی ریاست قرار دیا تھا۔ پاکستان کے غیور عوام آج بھی اسرائیل کو ایک غاصب اور جعلی ریاست سمجھتے ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے یوم القدس کے موقع پر قبلہ اول کی آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ یکجہتی غزہ و فلسطین کانفرنس اتحاد بین المسلمین اور یکجہتی فلسطین کا عملی نمونہ ہوگی۔