اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار استحکام اور ترقی کے لئے جمہوریت کی مضبوطی ضروری ہے۔ جمہوری نظام عام آدمی کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ پاکستان کے استحکام اور روشن مستقبل کا واحد راستہ جمہوریت ہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا سرفراز بگٹی نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ جمہوریت کی آبیاری کے لئے پارٹی قائدین سے لے کر ایک عام کارکن نے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے سیاسی تناظر میں جمہوری طرز حکمرانی کو بہترین انتقام قرار دیا۔ جمہوری نظام میں منتخب عوامی نمائندے عوام کی بہترین خدمت کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جمہوریت کا استحکام ہمارا نصب العین ہے۔ بلوچستان میں مخلوط حکومت جمہوری عمل کا ایک بہترین امتزاج ہے۔ عوامی خدمت کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ان کے نظریات کے ساتھ لے کر چلنا ہی جمہوریت ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر شہید بینظیر بھٹو سمیت تمام شہداء جمہوریت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔