اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق انصاراللہ یمن کے قائد سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے آج بروز ہفتہ 14 ستمبر 2024، عید میلاد النبی ص کے سلسلے میں عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو خبردار کیا ہے کہ امت مسلمہ کا وجود خطے میں ہے۔ انہوں نے کہا: "امت مسلمہ ہمیشہ سے مختلف شکلوں میں دشمن کا نشانہ بنتی رہی ہے اور آج ایسے خطرات سے روبرو ہے جس کے باعث اس کا وجود خطرے میں پڑا ہوا ہے اور اس کی خودمختار پر آنچ آ رہی ہے۔" سید عبدالملک الحوثی نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے گذشتہ کئی ماہ سے جاری مسلسل وحشیانہ جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "قرآن کریم نے امت مسلمہ کو کافی حد تک آگاہی عطا کی ہے اور اسے مدمقابل دو دشمنوں یعنی کفار اور منافقین سے باخبر کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ ان دو دشمنوں سے اسے خطرات درپیش ہیں۔" انہوں نے مزید کہا: "کفر کا محاذ ایک مجرمانہ جارحانہ محاذ ہے جس کا سرچشمہ شر، جرم، ظلم اور فساد ہے جسے خداوند متعال نے منکر کہا ہے۔ یہ محاذ خداوند متعال کے پیغام سے مکمل تضاد رکھتا ہے جو انسانوں کو غیر خدا کی غلامی سے نجات دینے کے درپے ہے۔"
انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے منافقین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "منافقت کا محاذ ہمیشہ سے کفار سے ہم آہنگ اور ہم جہت رہا ہے اگرچہ منافقین بظاہر مسلمان ہیں۔ منافقین اسلامی ممالک کے اندر ٹکراو، فتنہ اور مایوسی پھیلاتے رہتے ہیں اور مسلمان اقوام کو کفار کے مقابلے میں متحد ہونے اور سخت موقف اپنانے سے باز رکھتے ہیں۔ منافقین اور کفار ہمیشہ سے امت مسلمہ کیلئے خطرہ رہے ہیں اور ہمیشہ باہمی ہم آہنگی اور تعاون سے عمل کرتے آئے ہیں۔" سید عبدالملک الحوثی نے کہا: "جہاد فی سبیل اللہ کفار اور منافقین کا مقابلہ کرنے اور ان کی سازشوں کو ناکام بنانے کا واحد راستہ ہے اور اس کے علاوہ کوئی اور راستہ مفید نہیں ہے۔ دشمن سے مقابلہ کرنے اور امت مسلمہ کی حفاظت کرنے کا واحد راستہ خدا کی راہ میں جہاد ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "خدا کی راہ میں جہاد کا حکم بہت اہم ہے اور اس کی اہمیت کا اندازہ یہیں سے لگایا جا سکتا ہے کہ پیغمبر اکرم ص کے فرائض میں سے ایک ہے۔ اگر امت مسلمہ کی حفاظت کیلئے سفارتی یا کوئی اور راستہ موجود ہوتا تو وہ بھی رسول اکرم ص پر فرض کیا جاتا۔"
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ خدا کے راستے میں رسول خدا ص کی جہادی سرگرمیاں بہت موثر اور مفید ثابت ہوئیں اور انہیں عظیم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ آج جو چیز مسلمانوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے وہ اس اہم فرض اور ذمہ داری سے چشم پوشی کرنا ہے اور زمین پر عدل و انصاف کی برپائی کیلئے جہاد ترک کر دینا ہے۔ یہ بہت بڑی کوتاہی اور سستی ہے جس کے انتہائی نقصان دہ نتائج ظاہر ہو رہے ہیں اور امت مسلمہ کی طاقت کم ہوتی جا رہی ہے۔" انصاراللہ یمن کے سربراہ نے غاصب صیہونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "ہم سب نے کافی عرصے سے مسجد اقصی کی جگہ یہودی عبادت گاہ تعمیر کرنے کی صیہونی سازش کے بارے میں سن رکھا تھا لیکن اب ایسے ٹھوس شواہد سامنے آ رہے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی حکمران مسجد اقصی کو مسمار کرنے کے درپے ہیں۔" سید عبدالملک الحوثی نے کہا: "یہودی اچھی طرح جانتے ہیں کہ مسجد اقصی مسمار کرنا بہت خطرناک اقدام ہے اور اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے لہذا وہ یہ کام دھیرے دھیرے اور مرحلہ وار انجام دینا چاہتے ہیں اور اس کا زمینہ فراہم کر رہے ہیں۔"