اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں بھرپور انداز میں سے جاری ہیں۔ مرکزی صدرثروت اعجاز قادری نے 12 ربیع الاول کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ثروت اعجاز قادری نے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر ذمہ داران اور کارکنان کو تیاریاں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آقا دو جہاں کی آمد آمد ہے، ہم سب کو چاہیئے کہ حضور کے شایان شان اس ماہ کا استقبال کریں، اس مہینے میں آقائے دو عالم حضور اقدس محمد رسول اللہ ﷺ دنیا میں تشریف لائے اور یہ مقام کسی اور مہینے کو حاصل نہیں ہے، حضور اکرم ﷺ کا ذکر مبارک ایک اعلی ترین عبادت ہے بلکہ روحِ ایمان ہے، آپ کی ولادت آپ کی عبادت و نماز، اخلاق، صورت و سیرت الغرض آپ کی ایک ایک ادا اور ایک ایک حرکت و سکون امت کے لیے کا بخشش باعث ہے۔
ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ جشن عید میلاد النبی منانے کا شرف ہر کسی کو حاصل نہیں ہوتا ہے، آقا دو جہاں کا ذکر کرنا بھی عبادت ہے، ہمیں جہاں بھی موقع ملے آپﷺ کے ذکر ِخیر سے ہر مجلس و محفل کو معطر کیا کریں، آپ ﷺ کے فضائل و کمالات اور آپﷺ کے بابرکت اعمال اور طریقوں کا تذکرہ اٹھتے بیٹھتے جاگتے سوتے کیا کریں، اس روئے زمین پر کسی بھی ہستی کا تذکرہ اتنا باعث اجر و ثواب باعث خیر و برکت نہیں ہوسکتا جتنا سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفی ﷺ کا تذکرہ ہوسکتا ہے۔ مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک انجینیئر محمد سرور الیاس قادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی عام تعطیل کا اعلان کیا جائے تاکہ پورا پاکستان اور عاشقان رسول بھرپور انداز میں جشن عید میلاد النبیؐ کی خوشیاں منائے۔