اسلام ٹائمز۔ میلاد فاونڈیشن پاکستان میں شامل جعفری بخاری فاونڈیشن ملتان کے زیراہتمام آستانہ عالیہ حضرت پیر سید مبارک شاہ بخاری وہاڑی روڈ ملتان سے تیسری سالانہ میلاد ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت میلاد فاونڈیشن پاکستان کے صدر زاہد بلال قریشی، پیر صاحبزادہ محمد اشرف جعفری بخاری، قاری عبدالقدیر عطاری اور اقبال یوسف نقشبندی نے کی۔ جبکہ شیخ محمد شفع، محمد عارف، محمد عمر، محمد ارشد جعفری بخاری، محمد عادل جعفری بخاری اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ناموس رسالت و عظمت اہل بیت و صحابہ اکرام کے تحفظ کیلئے ہماری جانیں قربان ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنی جانوں اور مالوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم اپنے آقا و مولا اور اہلبیت و صحابہ کرام کی ناموس کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور ہم دنیا سے عالمی سطح پر اپنے نبی(ص) کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت قانون سازی کرنے اور سزائیں دینے کا مطالبہ کرتے ہیں، جب دنیا میں کہیں بھی ہمارے نبی(ص) کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے اس سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے جو ہمارے نزدیک کھلی دہشت گردی ہے۔ فورا اس سلسلے کو روکا جائے، ریلی میں سینکڑوں عشاقان رسول (ص)شریک تھے۔