اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ حکومتی دعویٰ دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ ملک میں مہنگائی و بدامنی عروج پر ہے۔ سڑک، راستے محفوظ نہیں ہیں۔ عوام پرامن سفر نہیں کر سکتے ہیں۔ سودی نظام، بدعنوانی، رشوت، مفت خوری کا بازار عروج پر ہے۔ اسی وجہ سے ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوچکا ہے۔ مہنگائی و بدامنی کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بلوچستان کی عوام دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ صوبہ میں پانی بجلی گیس نہ ہونے کے برابر ہے۔ لوگوں کی بھاری بھرکم یوٹلیٹی بلوں نے زندگی اجیرن کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پتھر کے زمانے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اگر تعلیمی لحاظ سے دیکھا جائے تو بلوچستان میں 30 لاکھ بچے اسکول سے باہر، جبکہ 72 لاکھ بچوں نے کبھی اسکول ہی نہیں دیکھا ہے۔ بلوچستان میں شروع سے ہی تعلیم کا بحران رہا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ بہتری کی بجائے صوبہ تعلیمی پسماندگی کا شکار ہوتا جارہا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے عوام کو مکمل طور زندگی گزارنے کے وسائل مہیا کرے۔ انکا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں حکمرانوں نے اقتدار کو بزنس بنایا ہے اور مال اکٹھا کرنے پر لگے ہوئے ہیں۔ حالانکہ عوام کو سہولیات دینا ان کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے۔ عوام حکمرانوں سے مکمل طور پر مایوس ہوچکی ہے۔ حکمران و حکومتی ادارے بے عمل بیانات، دعٰوؤں، اعلانات کے بجائے عوام کو بنیادی سہولیات دینے اور قوم کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔