اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" نے کہا کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بغداد کے ساتھ سیاسی وابستگی اور ہمسایگی کی وجہ سے اپنا پہلا صدارتی دورہ، عراق کا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایوں اور علاقائی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتے ہیں۔ سید عباس عراقچی نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے چینل الشرق کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کو اپنی جغرافیائی اور سیاسی، اقتصادی، سلامتی، اجتماعی و مذھبی حیثیت کی وجہ سے صدر کے پہلے دورے کے طور پر چنا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق کے ساتھ ہمارے دیرینہ اور قدیمی تعلقات ہیں۔ تاہم ان تعلقات میں نشیب و فراز بھی آئے۔ گزشتہ سالوں میں ایران اور عراق کے بے مثال تعلقات رہے اور اس وقت بہترین سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اپنے انٹرویو کے ایک دوسرے حصے میں سید عباس عراقچی نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی نوعیت سے پردہ اٹھایا۔
اس حوالے سے سید عباس عراقچی نے کہا کہ حالیہ سالوں میں سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات بہترین ڈگر پر رواں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اور سعودی عرب کے درمیان جو بھی مسائل تھے وہ پہلے عراق اور پھر بعد میں چین کی مدد سے حل ہوئے اور اس وقت ہمارے تعلقات بہترین طور پر بحال ہیں۔ اب ہمارے تعلقات اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمارے درمیان بات چیت اور آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم علاقائی مسائل میں ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہیں۔ تہران اور ریاض کے درمیان اقتصادی تعاون کا آغاز ہو چکا ہے اور امید ہے کہ ہماری نئی حکومت اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کرے گی۔ اپنے انٹرویو کے اختتام پر ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق کی طرح سعودی عرب بھی ہماری ہمسایوں کے ساتھ پالیسی میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ سعودی عرب خطے کا ایک بڑا اور طاقتور ملک ہے۔ ایران و سعودی عرب کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہونے چاہئیں کیونکہ یہ علاقائی امن و استحکام کی ضرورت ہے۔