اسلام ٹائمز۔ سندھ کے صوبائی وزیر سردار شاہ نے قدرتی آفات کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سمیت کئی شہر تباہ ہو جائیں گے۔ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانوگرافی کراچی کی رپورٹ کے مطابق ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور کراچی چند دہائیوں بعد صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا میں کئی جزیرے ختم ہو رہے ہیں کیونکہ اگر قدرتی نظام کے برخلاف اقدامات ہوئے تو تباہی پھیلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیاں پانی کا تنازعہ رہا ہے، انڈس بیسن سے 64 ہزار کینال نکلتے ہیں، 1991ء کا معاہدہ سی سی آئی کی منظوری سے آیا اب پانی وفاقی نہیں صوبوں کا مضمون ہے۔ سردار شاہ نے کہا کہ ہم نے 1991ء کے معاہدے کو بھی مجبوری میں تسلیم کیا تھا، آج وفاقی حکومت کو خیال آیا ارسا چیئرمین 21 ویں گریڈ کا افسر بنے گا، پاکستان چار صوبوں کی مرضی کے بغیر نہیں چل سکتا۔