اسلام ٹائمز۔ انجمن امام بارگاہ حسینیہ قاضیان و علی مسجد جان محمد کالونی معصوم شاہ روڈ کے زیراہتمام قبضہ مافیا کی سرپرستی کے الزام میں تھانہ نیو ملتان ایس ایچ او کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت انجمن امام بارگاہ حسینیہ قاضیان و علی مسجد جان محمد کالونی معصوم شاہ روڈ کے متولی قاضی غضنفر حسین اعوان ایڈوکیٹ نے کی۔ اس موقع پر قاضی غضنفر حسین اعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد قاضی قربان حسین نے 1972 میں امام بارگاہ حسینیہ قاضیان و علی مسجد کی بنیاد رکھی اور بطور لائسنسدار 8 محرم کا ماتمی جلوس اج تک جاری ہے، میں مرحوم والد محترم کے شانہ بشانہ جملہ امور میں شامل رہا بعدازاں میں نے خود اور مخیر حضرات کی مدد سے مذکورہ امام بارگاہ و مسجد کی بقیہ جدید تعمیرات مکمل کرائی اور مرحوم قاضی قربان حسین اعوان، قاضی مظفر حسین کی وفات سے قبل قاضی خاندان و مومنین کی جانب سے مزکورہ انجمن نے مذکورہ امام بارگاہ مسجد کے امور سنبھال لیے۔ رواں ماہ پانچ ستمبر کو مقامی تھانہ نیو ملتان ایس ایچ او محمد شفیق نے پولیس اہلکاروں سمیت قاضی سجاد حسین، قاضی گوہر عباس ودیگر کے ہمراہ امام بارگاہ و مسجد کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے زبردستی خلاف قانون امام بارگاہ کے تالے توڑ دیے حالانکہ ہم نے مقامی تھانہ ایس ایچ او کو باور کرایا کہ عدالت کی جانب سے مذکورہ امام بارگاہ و مسجد حکم امتناعی جاری شد ہے اور قاضی اطہر حسین وغیرہ کو امام بارگاہ حسینیہ قاضیان و علی مسجد کے امور میں زیرانتظام و انصرام منتخب انجمن میں کسی طور دخل دینے، مزاحم ہونے وغیرہ کا کوئی اختیار و جواز حاصل نہ ہے۔ لیکن ایس ایچ او نیو ملتان نے مذکورہ امام بارگاہ مسجد پر اپنا تالا نصب کر دیا اور مجھ سمیت دیگر عہدے داران کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایس ایچ او غیر متعلقہ افراد قاضی اطہر حسین، قاضی سجاد حسین، قاضی گوہر عباس ودیگران وہ وقف شدہ امام بارگاہ مسجد کا قبضہ منتقل کرنے سمیت امام بارگاہ حسینیہ قاضیان و علی مسجد سے وابستہ اہل علاقہ و مومنین میں گروہ بندی، شرانگیزی و خون ریزی کرانے کے در پے ہے، بلکہ مقامی تھانہ پولیس کی جانب سے آئے روز ہمیں ہراساں و پریشان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب، آئی جی پنجاب، کمشنر ملتان ریجن، ایڈیشنل ائی جی ساتھ پنجاب، ار پی او ملتان، ڈپٹی کمشنر ملتان، سی پی او ملتان سے مطالبہ کیا کہ مقامی تھانہ ایس ایچ او کے خلاف کاروائی کی جائے اور ہم پر درج جھوٹا مقدمہ خارج کیا جائے اور امام بارگاہ حسینیہ قاضیان و علی مسجد کا قبضہ منتخب انجمن کو واپس کیا جائے بصورت دیگر بھرپور احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔