0
Monday 9 Sep 2024 18:17

دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی کوشش کی، مریم نواز

دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی کوشش کی، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی مذموم کوشش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی دن برائے تحفظِ تعلیم کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 9 ستمبر، اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ تعلیم اقوام انسانیت کی فلاح کا بنیادی ذریعہ ہے، کسی بھی قوم کی بقاء اور تعمیر کا راز تعلیم یافتہ نسلوں میں پوشیدہ ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں تعلیمی ادارے حملوں کا نشانہ بنتے ہیں، 16 دسمبر اے پی ایس حملہ، تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، یہ دراصل تعلیم پر ایک بہت بڑا حملہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی مذموم کوشش کی، تعلیمی اداروں پر حملہ صرف عمارت ہی نہیں بلکہ قوم کے مستقبل اور امن کے خواب پر بھی حملہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم کیلئے محفوظ اور بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کوشش ہے کہ ہر بچے کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے، جہاں وہ بلاخوف و خطر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تعلیم کو ہر طرح کے حملوں سے محفوظ رکھنا ہماری اجتماعی معاشرتی ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1158711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش