0
Monday 2 Sep 2024 23:23

8200 یونٹ کے سربراہ کا مستعفی ہونے کا اعلان

حزب اللہ لبنان کے اربعین آپریشن کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے
8200 یونٹ کے سربراہ کا مستعفی ہونے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق صیہونی رژیم کی ملٹری انٹیلی جنس (امان) کی یونٹ 8200 کے سربراہ بریگیڈیئر یوسی شیرئیل نے عنقریب مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے یونٹ 8200 اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس میں الیکٹرانک جاسوسی کا اہم ترین مرکز سمجھا جاتا ہے جس کا کام جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے دنیا بھر میں جاسوسی کرنا ہے۔ یونٹ 8200 دراصل اسرائیل کی میڈیا وار کا مرکز ہے، جس میں سوشل میڈیا، انٹرنٹ، موبائل فون وغیرہ سمیت جدید ترین الیکٹرانک آلات کی مدد سے جاسوسی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ حزب اللہ لبنان نے گذشتہ ہفتے اربعین کے دن اسرائیل پر وسیع میزائل اور ڈرون حملہ کیا تھا، جس میں یونٹ 8200 سمیت اسرائیل کے اہم جاسوسی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اب اس انتقامی کارروائی انجام پانے کے ایک ہفتے بعد یونٹ 8200 کے سربراہ کی جانب سے مستعفی ہونے کی خبر سامنے آئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حزب اللہ لبنان کا اربعین آپریشن کامیاب رہا اور اس نے صیہونی رژیم پر کاری ضرب لگائی ہے۔ یونٹ 8200 کی مرکزی عمارت تل ابیب کے قریب علاقے گلیلات میں واقع تھی، جس پر حزب اللہ لبنان نے خودکش ڈرون داغے تھے۔ اربعین آپریشن شہید فواد شکر کی ٹارگٹ کلنگ کے انتقام کے طور پر انجام پایا تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حزب اللہ لبنان کی انتقامی کارروائی پوری طرح موثر ثابت ہوئی اور مطلوبہ اہداف حاصل ہوگئے ہیں۔ اس آپریشن نے غاصب صیہونی رژیم پر ایسی کاری ضرب لگائی ہے کہ اس کی طاقت پر مبنی تمام افسانے ختم ہو کر رہ گئے ہیں۔ اسی وجہ سے صیہونی رژیم یونٹ 8200 کے سربراہ یوسی شیرئیل کو برطرف کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔

دراصل یونٹ 8200 کا سربراہ نہ صرف حزب اللہ لبنان کے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے مقابلے میں اسرائیل کو محفوظ نہیں رکھ سکا بلکہ حزب اللہ لبنان کی انتقامی کارروائی کے وقت کا درست اندازہ لگانے میں بھی ناکامی کا شکار ہوا ہے۔ مزید برآں حزب اللہ لبنان کے خودکش ڈرون طیاروں نے ٹھیک اسی عمارت کو نشانہ بنایا ہے، جس میں یوسی شیرئیل کام کرتا تھا۔ ظاہر ہے کہ گلیلات فوجی اڈہ جو صیہونی رژیم کے بقول مشرق وسطی خطے حتی پوری دنیا میں جاسوسی سرگرمیوں میں مصروف تھا، پر کامیاب حملہ انجام پانا اور مالی اور جانی نقصان ہونا صیہونی رژیم کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ لہذا وہ اپنے اعلی سطحی انٹیلی جنس افسر کو برطرف کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ البتہ کچھ ایسی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ حزب اللہ لبنان کے ڈرون حملے میں یونٹ 8200 کا سربراہ بریگیڈیئر یوسی شیرئیل زخمی ہوگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1157702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش