اسلام ٹائمز۔ غزہ میں جنگی جرائم کے ساتھ مغربی کنارے میں انسانی اجتماعی قتل کی صیہونی مشین کوشش کر رہی ہے کہ علاقائی اشتعال انگیزی کو ایک خطرناک بحران تک پہنچائے۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تل ابیب کے مغربی حامی اس رژیم کو کشیدگی میں اضافے و جنگی جرائم سے نہیں روکتے تو وہ سب ان جرائم میں شریک ہیں اور اُن کا ٹرائل بھی ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ آپریشن طوفان الاقصیٰ کے جواب میں اسرائیل 11 مہینوں سے غزہ کو نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 40 ہزار 738 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 94 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ صیہونی رژیم گزشتہ 4 روز سے مغربی کنارے کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ غیر سرکاری اور سرحدوں سے باہر ڈاکٹروں کی تنظیم کے بیان کے مطابق، مغربی کنارے میں جنین پر اسرائیل کا حملہ نہایت وحشت ناک ہے۔ جنین میں صیہونی فوج نے بڑی تعداد میں شہری ڈھانچہ اور رہائشی عمارات کو مسمار کر دیا۔