اسلام ٹائمز۔ لبنان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے اطلاع دی ہے کہ انہوں نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ غزہ کی پٹی کی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق بیروت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر "مجتبی امانی" نے بدھ کی شام، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے اکاؤنٹ میں لکھا کہ انہوں نے فرانس کے سفیر "ہروی ماگرو" کی میزبانی کی ہے۔ مجتبی امانی نے کہا کہ اس ملاقات میں انہوں نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ غزہ کی پٹی اور لبنان کے محاذ کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی۔ امانی نے کہا کہ اس ملاقات میں انہوں نے صیہونی حکومت کے مجرمانہ رویے کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی ضرورت کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت نے تمام بین الاقوامی قوانین اور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی ہے۔