اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے آج صبح ایک بیان جاری کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم عظیم قومی رہنماء اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کرتے ہیں اور مزاحمت میں حماس تحریک کے ساتھ اپنی یکجہتی پر تاکید کرتے ہیں۔ جہاد اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دہشت گردانہ کارروائی ہمارے لوگوں کو اپنی مزاحمت جاری رکھنے سے نہیں روکے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا کہ فلسطین کی بہادر قوم، ملت اسلامیہ، مزاحمتی محاذ کے مجاہدین اور ایران کی معزز قوم کے ساتھ تعزیت و تسلیت کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ آج صبح اسلامی مزاحمت حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ جناب ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کی رہائش گاہ کو تہران میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کا ایک محافظ شہید ہوگئے ہیں۔ اس واقعے کی وجوہات اور دیگر عوامل کی دقیق تحقیقات کی جا رہی ہیں، جن کے نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔