اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں تعلیمی اداروں میں طلباء تنظیموں اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اس کے جمہوری دعوؤں کی نفی کرتی ہے۔ اپنے بیان میں نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری داد محمد بلوچ نے کہا کہ حکومت گرینڈ ہیلتھ الائنس کے معاملے کو سنجیدگی سے حل کرے۔ حکومت معاملات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے صورتحال کو سنجیدگی کے ساتھ بہتر بنانے کے لئے گفت و شنید کی راہ اختیار کرے۔ طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کا موقف بھی سنا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی نے طلباء تنظیم کی بنیاد رکھی اور شہید بے نظیر بھٹو نے تعلیمی اداروں میں طلباء تنظیموں پر عائد پابندی ختم کی۔ لیکن پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بلوچستان میں تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اس کے جمہوریت پسند ہونے کے دعوؤں کی نفی کر رہی ہے۔