اسلام ٹائمز۔ رام پور کی تاریخی رضا لائبریری کے 250 سال پورے ہونے کا جشن منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے رضا لائبریری میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ریاست کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر گورنر عارف محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا لائبریری کی خوب تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ رضا لائبریری پورے ملک کو رام پور کے شاہی خاندان کا تحفہ ہے۔ وہیں اس موقعے کر میڈیا نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے عارف محمد خان وقف قانون میں بدلاؤ کی وکالت کی۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے لئے وقف محکمہ ان کے پاس تھا۔ اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ وہاں جو کچھ ہوتا ہے اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وقف کے معاملے میں جو نہیں ہونا چاہیئے تھا وہ نہیں ہوا، قانون میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھی وقف ایسا نہیں جس پر کوئی قانونی کیس نہ چل رہا ہو۔ اسی کے ساتھ کیرالہ کے گورنر نے کہا کہ وقف معاملے پر ان کا زیادہ مطالعہ نہیں ہے، نیز یہ کہ اس معاملے میں جو سیاست کا دخل ہوا ہے، اس کے بعد ان کا اس ایشو پر کچھ بولنا مناسب نہیں ہے۔ زیادہ وہ وقف بل پر زیادہ نہیں کہہ سکتے کیونکہ انہوں نے اس کا مطالعہ نہیں کیا ہے۔ رضا لائبریری کے سوال پر عارف محمد خان نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لئے ایک منفرد تحفہ ہے۔ یہ یہاں کے شاہی خاندان کی طرف سے ایک بڑا تحفہ ہے۔ لائبریری کا مطلب ہے کتابیں اور کتابوں سے بہتر کوئی ساتھی یا مددگار نہیں ہو سکتا لیکن شرط یہ ہے کہ ہم کتابیں پڑھنے کے لئے تیار ہوں۔