اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ ریاستی فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے حکومتی تعاون سے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں، فورس کو جدید ٹریننگ سمیت جدید اسلحہ اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، سی ٹی ڈی میں 500 اہلکارواں پر مشتمل فورس اور سپیشل برانچ کو ماڈل فورس بنانے کیلئے اقدامات آخری مراحل میں ہیں، ٹریفک پولیس اور ٹوریسٹ پولیس کو جلد شعبہ بنا کر مزید مستحکم کریں گے، آزاد کشمیر پرامن خطہ ہے، حکومت کی جانب سے ایک ہزار اہلکاروں کی آسامیاں دینے کے بعد کمی کافی حد تک پوری ہو جائے گی، ریاست میں فورس کو جدید ٹریننگ کی ضرورت ہے جس پر کام جاری ہے، ایک سو اہلکار اینٹی رائٹ کورس کر چکے ہیں مزید 100 اہلکاروں کو کورس پر بھیج رہے ہیں، اسی طرح مختلف کورسز کے ذریعے فورس کو جدید ٹریننگ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار نے گذشتہ روز صدر سنٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری سنٹرل پریس کلب سید اعجاز کاظمی اور سیکرٹری اطلاعات راجہ خالد شامل تھے جبکہ ملاقات کے دوران ڈی آئی جی سپیشل برانچ میر جمیل احمد، اے آئی جی لیگل سی پی او اور سٹاف آفیسر مبشر قریشی بھی موجود تھے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے وفد کو بتایا کہ خالی پوسٹوں کو سلیکشن بورڈ کے ذریعے پُر کرنے کے لے حکومت کام کر رہی ہے، حکومت نے مزید ایک ہزار آسامی دی ہیں، اب ہم فورس کو جدید ٹریننگ دینے اور پروفیشنل بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات اور وزیراعطم اور صدر کی سکیورٹی کیلئے ایس ایس جی کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں، مزید ایس ایس جیز کو بھی ٹریننگ دی جا رہی ہے، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو ماڈل فورس بنائیں گے، سی ٹی ڈی وفاق کے تعاون سے ایک اہم فورس ہے، جدید اسلحہ اور سامان بھی خرید رہے ہیں، اس معاملے میں وزیراعظم اور حکومت ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں۔