اسلام ٹائمز۔ مدینہ میلاد کمیٹی کے زیراہتمام ’’جو عاشقِ رسولﷺ ہے، وہ عاشق حسینؑ ہے‘‘ کے عنوان سے جشن عید میلادالنبیﷺ منایا جائے گا۔ اس حوالے سے کمیٹی کے سربراہ مولانا ڈاکٹر دانش نقوی نے بتایا کہ 11 ربیع الاول کو مسلم ٹاون موڑ سے جشن میلاد مصطفیٰﷺ ریلی نکالی جائے گی۔ یہ ریلی لبرٹی مارکیٹ پہنچے گی، جہاں لبرٹی چوک میں چراغاں کیا جائیگا۔ اس کے بعد میلاد ریلی کے شرکاء کربلا گامے شاہ پہنچیں گے، جہاں رات 12 بجے کیک کاٹا جائے گا اور چراغاں ہوگا۔
مولانا ڈاکٹر دانش نقوی کا کہنا تھا ریلی اور میلاد کی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد اپنی فیملیز سمیت شریک ہوگی۔ اس موقع پر شہریوں میں محمدی تحائف بھی تقسیم کئے جائیں گے، بالخصوص بچوں کیلئے خصوصی تحائف دینے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کی رات میلاد ریلی اور چراغاں کا مقصد امت میں وحدت کا فروغ جس کیلئے تمام اہلسنت و اہل تشیع کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی میں شیعہ سنی علماء و عمائدین شریک ہوں گے اور وحدت کا مظاہرہ کریں گے۔