اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما عبدالرحمن شدید نے فلاڈیلفیا ایکسس میں غاصب صیہونی فوج کی کسی بھی قسم کی موجودگی کے کسی بھی امکان کو سختی کے ساتھ مسترد کیا ہے۔
عرب چینل الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے عبدالرحمن شدید نے اعلان کیا کہ ہم ایسے کسی بھی معاہدے کو سرے سے قبول نہیں کرتے جس میں فلاڈیلفیا کراسنگ پر کسی ایک اسرائیلی فوجی کی موجودگی بھی شامل ہو! انہوں نے مصر میں مذاکراتی عمل کے بارے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ثالثوں نے ہمیں بتایا ہے کہ 2 جولائی کے روز جو اتفاق عمل میں آیا تھا؛ وہ عملدرآمد کے لئے تھا نہ کہ دوبارہ مذاکرات کے لئے!
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت، جب بھی اتفاق شدہ امور پر نیتن یاہو کو پابند بنانے میں ناکام ہوتی ہے تو نئی تجاویز کا اعلان کر دیتی ہے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 2 جولائی کے روز بائیڈن تجاویز کے ساتھ اتفاق کرنے کے بعد سے ہماری جانب سے کوئی ایک نیا مطالبہ بھی پیش نہیں کیا گیا!