اسلام ٹائمز۔ سینئر سیاسی رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اے پارٹی ہو یا بی، سی یہ اندر خانے پاؤں پکڑتے اور باہر بدمعاشی کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ ڈرامہ نہیں ہوسکتا کہ ہم اپنی ماں، بہن اور بیٹیوں کو گالیاں پڑوائیں، آپ آئیں پنجاب یا سندھ یا اسلام آباد، دیکھتے ہیں کس میں کتنا دم ہے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ان زلفوں ان لٹوں سے پکڑ کر لٹا کر حساب برابر کریں گے، ہم یہ کون سی سیاست کر رہے ہیں، اس حکومت میں جو جہازوں پر اڑ رہے ہیں انہیں پتنگ کی طرح نیچے لانا جانتا ہوں۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا بانی پی ٹی آئی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ کس کے ترجمان ہیں۔ اب بات بہت آگے جائے گی، اب یہ پاکستان کی لڑائی ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہا ارشد شریف کی موت کی لڑیاں اور کڑیاں سامنے آنے لگی ہیں۔ یہاں سے ٹوئٹ کروں گا تو آپ کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ میں گھٹیا سیاست نہیں کروں گا نہ ان کی ماں بہن پر جاؤں گا۔ اگر بدمعاشی کریں گے تو بدمعاشی سب کو آتی ہے۔
سینیٹر نے کہا علی امین گنڈاپور پہلے کہتا تھا کسی کا باپ بند نہیں کرسکتا پھر بند کر کے دکھایا، پھر کہتے تھے کسی کا باپ جیل میں نہیں ڈال سکتا پھر جیل میں ڈال کے دکھایا۔ فیصل واوڈا نے کہا کوئی بھی اینکر ہے یا میڈیا کی خواتین ہیں ہماری بہن بیٹیاں بچیاں ہیں۔ وہ باہر نکلی ہیں محنت کر رہی ہیں اور باعزت روزگار کما رہی ہیں۔ انھوں نے کہا جس شخص پر ریپ کے مقدمات ہوں اس شخص کو ایسی کرسی پر بٹھائیں گے تو پیچھے کیا رہ جائےگا۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا حکومت نے اپنی وزارت داخلہ کیا چھولے بیچنے کو رکھی ہے۔ یہ جہاز اور یہ ہیلی کاپٹر میں تو میرٹ پر کام کرتا ہوں، میں پاکستان کو پاکستانی کرکٹ ٹیم نہیں بننے دوں گا۔
فیصل واوڈا نے کہا ارشد شریف کے قتل کے ثبوت پہلے کس کو دیتا، ہمیں تو 40 سال بعد بتایا گیا ہے کہ بھٹو صاحب کی پھانسی غلط فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا ارشد شریف میرا دوست تھا اس معصوم کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اس کیس میں ریٹائرڈ جنرل کی انوالومنٹ ہے اس لیے یہ کیس ملٹری کورٹ میں چلے گا۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ابھی کل گنڈاپور آئے ہیں اور پیٹیز کھا کر گئے ہیں، اگلی بار جیمر سے فون بند نہیں جیم ہوگا اور پیٹیز ہم نے تیار کرائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا جیل اور ملک توڑنے کی بات کروں پھر پارلیمنٹ میں پناہ لے لوں یہ کون سے پارلیمنٹیرین ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پہلے میں بانی پی ٹی آئی کے بہت قریب تھا لیکن جنرل فیض سے نہیں ملا۔