اسلام ٹائمز۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں واقع بے گھر فلسطینی شہریوں کے خیموں پر غیرقانونی و سفاک صیہونی رژیم کے مجرمانہ ہوائی حملے کی خبر دی ہے۔
عرب چینل الجزیرہ کے مطابق غاصب صیہونی رژیم نے آج علی الصبح خان یونس کے مغربی علاقے المواصی میں واقع فلسطینی مہاجرین کے خیموں پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد عام فلسطینی شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے المسیرہ کے نامہ نگار نے بھی اطلاع دی ہے کہ المواصی کے علاقے میں ہونے والے اس ہوائی حملے کے دوران بے گھر افراد کے کم از کم 20 خیموں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ المسیرہ کے مطابق قابض صیہونیوں نے بے گھر مہاجرین کے خیموں پر کم از کم 5 تباہ کن بموں کے ساتھ بمباری کی جبکہ دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مذکورہ بموں کے پھٹنے کے باعث زمین میں 9 میٹر گہرے گڑھے بن گئے۔
بعد ازاں فلسطینی خبررساں ادارے و ہسپتال ذرائع نے بھی اعلان کیا کہ دہشتگرد صیہونیوں کے اس جرم میں کم از کم 100 فلسطینی پناہ گزین شہید و زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب غاصب و سفاک صہیونی فوج نے بھی اپنے بیان میں دعوی کیا کہ اس نے خان یونس میں واقع حماس کے ایک "کمانڈ سینٹر" کو نشانہ بنایا ہے درحالیکہ سرکاری اطلاعات و اعدادوشمار کے مطابق نشانہ بنائے جانے والے خیموں میں صرف اور صرف بے گھر فلسطینی پناہ گزین ہی موجود تھے۔
بعد ازاں الجزیرہ نے غزہ کے شہری دفاع سے نقل کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ تازہ صہیونی جرم میں کم از کم 40 فلسطینی شہید اور 60 زخمی ہوئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق قابض صیہونی رژیم کے لڑاکا طیاروں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شاہراہ رفح کے مغرب میں بھی کئی ایک حملے کئے ہیں۔