0
Tuesday 10 Sep 2024 19:50

محبوبہ مفتی کہتی ہیں کہ انجینئر رشید بی جے پی کا ایجنٹ ہے، عمر عبداللہ

محبوبہ مفتی کہتی ہیں کہ انجینئر رشید بی جے پی کا ایجنٹ ہے، عمر عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ انجینئر رشید کو ٹیرر فنڈنگ کیس میں دہلی کی عدالت سے عبوری ضمانت مل جانے کے بعد جموں و کشمیر کا سیاسی پارہ گرم ہوگیا ہے۔ انجینئر رشید سے بارہمولہ پارلیمانی سیٹ پر بری طرح شکست سے دوچار ہوئے نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ عمر عبداللہ کے مطابق انہیں یقین تھا کہ ایسا ضرور ہوگا۔ عمر عبداللہ نے اشاروں اشاروں میں انجینئر رشید کو ملی عبوری ضمانت کو سیاسی سازش کا حصہ قرار دیا اور الزام لگایا کہ ایسا ووٹوں کی تقسیم کے لئے کیا گیا ہے۔ عمر عبداللہ نے انجینئر رشید سے متعلق پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کے اس بیان کو بھی دہرایا جس میں محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ انجینئر رشید بی جے پی کے آلہ کار ہیں۔

اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں اور اسے ضائع نہ کریں۔ عمر عبداللہ کا اشارہ آزاد امیدواروں کی جانب تھا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ انجینئر رشید کی ضمانت سے بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے لوگوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ وہ دو اکتوبر کو دوبارہ جیل چلے جائیں گے۔ واضح رہے انجینئر رشید نے پارلیمانی انتخابات 2024ء میں عمر عبداللہ کو تقریباً ایک لاکھ ووٹوں سے شکست دے کر جیت حاصل کی ہے اور عمر عبداللہ اس صدمے سے ابھی تک نکل نہیں پائے ہیں۔

پارلیمانی الیکشن میں انجینئر رشید کے حق میں بھاری تعداد میں ووٹ ڈالے گئے تھے۔ انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی نے جموں و کشمیر کے اسمبلی الیکشن میں پچاس سے زائد نشستوں پر اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ پارلیمانی الیکشن میں جو لہر ان کے حق میں دیکھی گئی تھی وہ اسمبلی الیکشن میں نظر آئے گی۔ واضح رہے مبینہ ٹیرر فنڈنگ کیس میں جیل میں بند رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کو دہلی کی عدالت نے دو اکتوبر تک عبوری ضمانت دے دی ہے۔ انہیں آئندہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے مہم چلانے کی اجازت دیتے ہوئے یہ ضمانت منظور کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1159168
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش