اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے تھنک ٹینک موشے دایان مرکز برائے مطالعات مشرق وسطی و افریقہ (Moshe Dayan Center for Middle Eastern and African Studies -MDC) کے شعبہ فلسطینی مطالعات کے سربراہ اور سابق اسرائیلی انٹیلیجنس افسر مائیکل ملشٹین (Michael Milshtein) نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج، حماس کی شکست سے ہنوز کوسوں دور ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے اسرائیل کو پورے غزہ میں مزید زمینی فوج تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔
کینیڈین خبررساں ایجنسی ریوٹرز کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں مائیکل ملشٹین نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم حماس کی حکومت اور اس کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے ہدف سے کوسوں دور ہیں اور درحقیقت ہم اس کے قریب تک بھی نہیں جا سکے!
سابق اسرائیلی اہلکار نے یہ بھی کہا کہ خالصتاً فوجی فتح حاصل کرنے کا مطلب حماس کے سماجی، سیاسی و اقتصادی اثر و رسوخ کو "نظر انداز" کرنا ہو گا۔
اسرائیلی ماہر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اب بھی ایک ایسے دشمن کہ جو اپنے طرز عمل میں کثیر الجہت ہے، کے ساتھ صرف خالصتاً فوجی خطرے کے حوالے سے ہی نپٹ رہے ہیں!!