اسلام ٹائمز۔ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ان سے پوچھ گچھ کے لئے بدھ کا ہی دن منتخب کیا، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کی رابطہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں شرکت نہ کر سکیں۔ تقریباً 10 گھنٹے تک جاری رہنے والی میراتھن پوچھ گچھ کے بعد رات 9 بجے سے تھوڑا پہلے ای ڈی کے دفتر سے باہر نکلتے ہوئے ترنمول کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ’انڈیا‘ کی اہم جماعتوں کے ارکان نے مجھے ای ڈی کے سمن کو نظرانداز کرنے اور رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے کو کہا تھا لیکن میں نے ای ڈی آفس آنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا ’’میں نے انڈیا کے ارکان سے میٹنگ ملتوی نہ کرنے کی بھی درخواست کی اور بدھ کی صبح 11:32 بجے ای ڈی کے دفتر پہنچا‘‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ای ڈی نے انہیں انڈیا کی میٹنگ کے دن ان کو طلب کیا ہے اپوزیشن اتحاد میں ترنمول کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے کم سزا کی شرح کا حوالہ دیتے ہوئے ای ڈی اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) جیسی مرکزی ایجنسیوں کی ساکھ پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر کم سزا کی شرح ظاہر کرتی ہے کہ مرکزی ایجنسیوں کی طرف سے کی جانے والی زیادہ تر تحقیقات محض سیاسی طور پر محرک ہوتی ہیں۔ ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ ای ڈی اور سی بی آئی چناؤ اور انتخاب کی بنیاد پر مقدمات کی پیروی کر رہے ہیں۔ ہمیں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں ایسی کوئی کارروائی نظر نہیں آتی۔ اس کے علاوہ، اپوزیشن پارٹیوں کے کسی بھی لیڈر کو جو مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ ستایا جا رہا ہے، بی جے پی میں شامل ہوتے ہی کلین چٹ مل جاتی ہے۔