QR CodeQR Code

سینیٹر سراج الحق کا سکردو میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب

30 Oct 2024 22:13

سکردو میں تحریک بیداری کے زیر اہتمام وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں نے اسرائیل کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسرائیل جیسی طاقت کو تھکا دیا۔ حماس نے نئی امت تخلیق کی ہے، ایک ہی مورچے میں حزب اللہ اور حماس دونوں موجود ہیں، ایک ہی مورچے میں سید حسن نصراللہ اور اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، ہر ایک مسلم حکمران کے دروازے پر دستک دی لیکن کسی نے نہیں سنی، صرف جلسے جلوس کرتے رہیں گے تو ہمیں معافی نہیں ملے گی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر و سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں آج بلتستان کے عظیم لوگوں سے مخاطب ہوں، جو اجتماعی سوچ رکھتے ہیں، جو اپنی ذات کیلئے سوچتے ہیں، اجتماعی مفاد کیلئے سوچنے والے عظیم ہوتے ہیں، بلتستان کے لوگ اس وقت غزہ کے لئے سوچ رہے ہیں، اس لئے بلتستان والے عظیم لوگ ہیں، غزہ ایک معجزہ ہے۔ سکردو میں تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیر اہتمام اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود ہمارے مسلمان حکمرانوں کو یقین نہیں تھا کہ غزہ کے لوگ تین دن تک بھی کھڑے ہوسکیں گے، مگر آج تین سو اسی دن سے یہ اسرائیلی بربریت کے خلاف برسر پیکار ہیں، اب نتین یاہو کے اعصاب جواب دے گئے ہیں۔

 
ان کا مزید کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں نے اسرائیل کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسرائیل جیسی طاقت کو تھکا دیا۔ حماس نے نئی امت تخلیق کی ہے، ایک ہی مورچے میں حزب اللہ اور حماس دونوں موجود ہیں، ایک ہی مورچے میں حسن نصراللہ اور اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، ہر ایک مسلم حکمران کے دروازے پر دستک دی لیکن کسی نے نہیں سنی، صرف جلسے جلوس کرتے رہیں گے تو ہمیں معافی نہیں ملے گی، ہمیں عملی طور پر جنگ میں شریک ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی تھی کہ غزہ کے مسلمانوں کا ساتھ دیا جائے، مگر کوئی چھبیسویں ترمیم کے پیچھے پڑا ہے تو کوئی ستائیسویں ترمیم کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کے ہاتھوں ہمارے حکمران یرغمال ہیں، ہم چند ڈالر کے عوض بک گئے ہیں، ڈالر لیکر ہم مغربی نظام کے تحت چلنے لگے ہیں، انگریزوں سے امید رکھنا عبث ہے۔
 
سراج الحق نے کہا  کہ عاصم منیر کے آرمی چیف بننے کے پیچھے غزہ کے مسلمانوں کی دعائیں ہیں، کیونکہ غزہ کے لوگ چاہتے تھے کہ کوئی حافظ قرآن آرمی چیف بنے، اس لئے ہم آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ غزہ کے مسلمانوں کیلئے آواز بلند کریں، نجات کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہو جائیں، حکمرانوں سے اتمام حجت کر لیا ہے، ہم غزہ میں ہاریں گے تو ہر جگہ پسپا ہونگے، شیعہ و سنی کی باہمی چپقلش کی وجہ سے دشمن کے میزائل شیعہ اور سنی کی تفریق نہیں کرتے، دشمنوں کا نشانہ مسلمان ہیں، دشمنوں کے میزائل یہ نہیں دیکھتے کہ کون شیعہ اور کون سنی ہے، اس کی طرف سے مسلمانوں پر میزائل داغے جا رہے ہیں۔ امت کو توڑنے والے استعمار کے ایجنٹ ہیں، جوڑنے والے حقیقی مسلمان ہیں، اتحاد کا قطرہ سمندر بننے جا رہا ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1169762

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1169762/سینیٹر-سراج-الحق-کا-سکردو-میں-وحدت-امت-کانفرنس-سے-خطاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com