لاہور، شہر بھر میں مشی کے جلوس، لبیک یا حسینؑ کی صدائیں
27 Aug 2024 19:52
مصنف : تصور حسین شہزاد
مشی کے ان جلوسوں میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور جوانوں کو جذبہ دیدنی تھا۔ لبیک یاحسینؑ کی صداوں سے پورے لاہور کی فضا گونجتی رہی۔ مشی کے جلوسوں کے شرکاء کربلا گامے شاہ پہنچے تو پی ایم جی آفس کے سامنے نماز مغربین کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا، جہاں علامہ سید جواد موسوی کی قیادت میں شرکاء نے نماز مغربین ادا کی۔ نماز کے بعد علامہ سید جواد موسوی نے حزب اللہ لبنان، مجاہدین حماس، مجاہدین یمن اور ایران کی کامیابی اور اسرائیل کی نابودی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔
اسلام ٹائمز۔ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر لاہور بھر کے تمام علاقوں سے مشی کے جلوس برآمد ہوئے اور کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوتے رہے۔ ان جلوسوں میں خواتین، بچے، جوان، بزرگوں سمیت ہر عمر کے افراد شریک ہوئے۔ لاہور میں رائیونڈ اڈہ پلاٹ سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے مشی کی اور پیدل چلتے ہوئے، ہاتھوں میں علم حضرت عباس علیہ السلام تھامے، سید الشہداء سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے کربلا گامے شاہ پہنچے، راستے میں علی رضا آباد اور دیگر ہاوسنگ سوسائٹیوں کے مکین بھی شامل ہوتے رہے۔ اسی طرح فیروز پور روڈ سے کاہنہ اور ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے مشی کی، جو چونگی امر سدھو کے جلوس میں شریک ہوئے۔ جبکہ چونگی امر سدھو کے جلوس کے شرکاء کے ساتھ گلبرگ، ماڈل ٹاون، گارڈن ٹاون کے مکین بھی شریک ہوئے۔ شرکائے مشی نے مسلم ٹاون موڑ پر نماز ظہرین ادا کی۔ گلبرگ سے آنیوالے قافلے کینال روڈ عبور کرکے شادمان پہنچے جہاں قومی مرکز میں نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد براستہ چوک شادمان، چائنہ چوک، مزنگ روڈ سے ہوتے ہوئے پرانی انار کلی، سول سیکرٹریٹ سے کربلا گامے شاہ پہنچے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1156495