QR CodeQR Code

جس شخص کے ساتھ کھڑے ہیں وہ دلیر اور وطن کے ساتھ باوفا ہے، علامہ راجہ ناصر کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات

6 Feb 2024 23:13

اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ عمران خان کی شجاعت، بہادری اور امید ایسے شخص کی طرح ہیں جس کے دل میں سوائے خدا بزرگ و برتر کے کسی کا ڈر نہیں، وہ اپنی اس استقامت کو آزادی کی جدوجہد کا نام دیتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ میں نے ہائی کورٹ سے اجازت لے کر سابق وزیراعظم عمران خان سے آج  ملاقات کی، عمران خان اپنے افکار اپنے نظریات میں پہلے سے زیادہ اٹل اور اعصابی لحاظ سے مزید مضبوط نظر آئے، خدا پر ایمان اور توکل پر ان کے اندر غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، ان کی شجاعت، بہادری اور امید ایسے شخص کی طرح ہیں جس کے دل میں سوائے خدا بزرگ و برتر کے کسی کا ڈر نہیں، وہ اپنی اس استقامت کو آزادی کی جدوجہد کا نام دیتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ پارلیمان، عدلیہ اور تمام دیگر ادارے اپنے آئینی حیثیت اور باوقار مقام رکھتے ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کے نمائندے عوام کے حقیقی نمائندے ہوں، کرپشن، دھونس دھاندلی اور جبر و ظلم کی بنیاد پر وہ اسمبلیوں تک نہ پہنچے ہوں، یہ اداروں کی آزادی کی جنگ اقوام عالم میں مادر وطن پاکستان کے باوقار اور خودمختار مقام کے لیے ہے، عمران خان اس قدر مطمئن ہیں کہ انہیں ڈرانے والے آج خود پریشان ہیں، عمران خان نے عوام کے لیے پیغام دیا ہے کہ یہ آزادی کی جنگ ہے جس کے لیے سب کو گھروں سے نکلنا ہوگا اور اسے 8 فروری کو ووٹ کی طاقت سے جیتنا ہوگا، جیل کی زندگی نے انہیں خدا کے زیادہ نزدیک کر دیا ہے، انہوں نے مفاہیم کے ساتھ کلام باری تعالی کا مطالعہ شروع کر رکھا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ہم جس شخص کے ساتھ کھڑے ہیں وہ دلیر ہے اور وطن عزیز کے ساتھ باوفا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ عمران خان ہمیں ایک مضبوط اور غیرت مند قوم بنانے کے لیے ڈٹا ہوا ہے۔ اس سے پہلے ہمیں قومی، لسانی، صوبائی، مسلکی اور مختلف عصبیتوں کا شکار کر کے ٹکروں میں تقسیم کیا گیا تاکہ ہم قوم نہ بن سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی دیانت داری اور دلیری کے باعث لوگوں کے دلوں میں ان کی محبت دوڑ رہی ہے، ساری قوم آزادی و حریت کی جنگ لڑنے والے اس عظیم رہنما کے پیچھے کھڑی ہے، ملک کو لاقانونیت، غیرآئینی اقدامات اور اختیارات کے ناجائز استعمال نے یرغمال بنا رکھا ہے، ہم قانون اور آئین کی بالادستی دیکھنا چاہتے ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے ملک میں لوٹ کھسوٹ کرکے اسے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اب انہیں پاکستان کو مزید لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، اب پاکستان کے عوام نے اس ملک کے معاملات کو طے کرنا ہے، استعماری طاقتوں کے طے شدہ فیصلوں پر لبیک کہنا غلامانہ شعار ہے، ہماری جدوجہد وطن عزیز کی داخلی خودمختاری کی جدوجہد ہے، امریکہ و اسرائیل غزہ کے تیس ہزار معصوم بچوں کے قاتل ہیں، عمران خان کی آواز ان طاغوتی طاقتوں سے آزادی کی آواز ہے اور ہم آزادی کے اس سفر میں عمران خان کے  ساتھ کھڑے ہیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1114454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1114454/جس-شخص-کے-ساتھ-کھڑے-ہیں-وہ-دلیر-اور-وطن-باوفا-ہے-علامہ-راجہ-ناصر-کی-چیئرمین-پی-ٹی-آئی-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com