سی آئی اے، موساد اور ترک انٹیلیجنس جولانی کو مہرے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، تجزیہ کار
8 Jan 2025 02:23
ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری طرف شام میں مغربی ممالک، اقوام متحدہ اور ترک و عرب ممالک کے عہدیداروں کے مسلسل دوروں سے یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تحریر الشام نے ملک میں امن امان کی صورتحال پر قابو پا لیا ہے، اس سے لگتا ہے کہ شام کا مستقبل لیبیا اور عراق سے مختلف طے کیا گیا ہے، یہاں لیبیا جیسی صورتحال شاید پیدا نہ ہو اور داخلی عدم استحکام پر قابو پا لیا جائے۔ جیسا کہ جرمن وزیر خارجہ نے یہ بیان دیا ہے کہ جلد ان ممالک کے سفارتخانے شام میں کام شروع کر دینگے۔
اسلام ٹائمز۔ صیہونی عزائم کی تکمیل کے لئے شام میں لائے گئے عبری و غربی مہرے محمد الجولانی سے جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کی ملاقاتوں پر تبصروں کے دوران بین الاقوامی امور کے ماہرین نے کہا ہے کہ ان وزرا کے دوروں کا مقصد شام میں سیاسی پیش رفت کے حوالے سے تذبذب کی کیفیت سے نکلنے کی ایک کوشش ہے، جبکہ شام کے بارے میں یورپ کا رویہ اس بات پر منحصر ہے کہ امریکہ اس ملک کے ساتھ کس طرح کا برتاؤ کرتا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ جین نوئل باروٹ اور جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے گزشتہ جمعے کو دمشق میں القاعدہ کے سابق سرغنہ اور ھییات تحریر الشام کے موجودہ کمانڈر احمد الشرع (محمد الجولانی) سے ملاقات کی۔ اس بارے میں فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہماری توجہ دمشق میں اقتدار کی پرامن منتقلی پر ہے، ایک ایسا عمل جو تمام شامیوں کے حقوق کی ضمانت دے۔ شام میں فرانس اور جرمنی کے اعلیٰ حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک کے شمال مشرق میں استحکام بھی شامل تھا۔
جرمن اور فرانسیسی سفارتی اداروں کے اعلیٰ حکام کی جولانی کے ساتھ ملاقات کے بعد جرمن وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ شام کی تعمیر نو کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔ جرمن اور فرانسیسی وزرائے خارجہ نے شام میں کچھ مذہبی اقلیتی گروہوں سے بھی ملاقات کی اور صیدنایا جیل کا بھی دورہ کیا۔ العربی الجدید کے مطابق شامی حکومت کے خاتمے کے بعد الجولانی کی مغربی حکام کے ساتھ اس سطح کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ واضح رہے کہ تجزیہ کاروں کا ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ ایک روشن حقیقت ہے کہ شام میں ہونے والی پیش رفت ترکی، موساد اور سی آئی اے کے سکیورٹی اداروں کی مشترکہ منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ یورپی ممالک کے عہدیداروں کے یہ دورے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ شام میں سیاسی تبدیلی میں علاقائی اور مغربی ممالک ملوث ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1183027