لاہور ہائیکورٹ، پنجاب کے تمام سکولوں کو دوبارہ رجسٹریشن کروانے کا حکم
30 Dec 2024 17:48
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اسکول بسوں کا معاملہ بہت سنجیدہ ہے، عدالت نے سیکرٹری ایجوکیشن کو ہدایت کی جو اسکول بس پالیسی پر عمل نہیں کرتا اس کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے۔
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے تمام اسکولوں کو ایک ماہ بعد اپنی رجسٹریشن دوبارہ کروانے کا حکم جاری کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کی عدالت عالیہ نے رجسٹریشن نہ کروانے والے اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کرنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو لاہور کی سٹرکوں کا جائزہ لیکر ٹریفک پلان بھی طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن خالد نذیر وٹو عدالت کے روبرو پیش ہوئے، پرائیویٹ اسکولز سے متعلق مجوزہ رولز پیش کیے۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ پالیسی بنائی ہے، اسکولوں کی بسیں ہوں گی تو اسکولز کی رجسٹریشن ہو گی۔
خبر کا کوڈ: 1181417